کپتان کو با اختیار کرنے سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا : رمیز راجہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہاہے کہ انڈر 19 اور ویمنز پاکستان سپر لیگ کیلئے کام کررہے ہیں جبکہ پاکستان میں ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ کروانے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔رمیز راجا نے سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے 2022ء قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئی خوشیاں لائے گا۔کپتان کو بااختیار کرنے سے قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا ہے، ایج گروپ کرکٹ میں حصہ لینے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاتھ وے اور ملک میں کرکٹ کا بہترین انفراسٹرکچر بنانا سال 2022ء میں میری ترجیح ہوگی اور ایج گروپ کرکٹرز کو وظیفہ اور مسابقتی کرکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میری انتظامیہ کے تین بڑے ستون ہیں۔ کرکٹ، کمرشل اور ایڈمنسٹریشن جنہیں بہترین دیکھنا چاہتا ہوں۔ ڈراپ ان اور ہائبرڈ پچز پر تیزی سے کام کررہے ہیں، اسلام آباد میں سٹیڈیم اور ہائی پرفارمنس سنٹر میں نئے کمرے بنانے پر توجہ مرکوز ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کی تقرری پر کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور ثقلین مشتاق سے بات ہوئی ہے، عام تاثر یہی ہے کہ قومی ٹیم کے ساتھ غیرملکی کوچز کی تقرری ہونی چاہیے۔ فینز قومی کرکٹ کا اثاثہ ہیں، انہیں ہر ممکن سہولیات دیں گے، سال 2022ء پاکستان کرکٹ فینز کیلئے بمپر سال ہے، اس سال بڑی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ پرامید ہوں کہ کرونا کی غیرمعمولی صورتحال کے باوجود آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی، سیریز ایسے وقت میں رکھی گئی ہے کہ دونوں ٹیموں کے بڑے کھلاڑی پاکستان آسکیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اور پی سی بی کی پالیسیوں سے سٹیک ہولڈرز کا بورڈ پر اعتماد بڑھا ہے، پی ایس ایل کی براڈ کاسٹنگ اور لائیو سٹریمنگ کے حقوق کی بولی میں قابل ذکر اضافہ دیکھا گیا ہے۔