اسلام آباد ، کراچی میں بھی اومیکرون تیز ، نئی لہر کے آثار نمایاں ، اسد عمر
اسلام آباد‘ لاہور‘ واشنگٹن (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں + سپورٹس رپورٹر + سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے تین بڑے شہروں اسلام آباد‘ کراچی اور لاہور میں کرونا کی جنوبی افریقی قسم اومی کرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ این سی او سی کے مطابق لاہور میں اومیکرون ویرینٹ کے 57 اور اسلام آباد میں نئے 34 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہاں مریضوں کی کل تعداد 100 ہو گئی۔ پنجاب بھر میں اومیکرون مریضوں کی تعداد 170 ہو گئی۔ اومیکرون مریضوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں ملک میں اومیکرون کے بڑھتے کیسز پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ کرونا کی نئی لہر کے آثار نمایاں ہیں۔ اس سے بچنے کا بہترین حل ماسک پہننا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 594 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید 8 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ مثبت کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 30 فیصد پر آ گئی۔ این سی او سی کے مطابق آج سے 30 سال سے بڑے بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و کوچ مصباح الحق بھی کرونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ وہ نجی مصروفیت کے باعث امریکہ گئے تھے، امریکہ سے وطن واپسی پر کرونا میں مبتلا ہوئے۔ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر گلین میک گرا بھی عالمی وباء کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی کلب کا کہنا ہے کہ ارجنٹائن کے لیونل میسی، دفاعی کھلاڑی جوان بیرنٹ اور بیک اپ گول کیپر سرگیو ریکو اور مڈفیلڈر نیتھن بٹومزالا کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ امریکا میں نئے سال کی آمد کے پہلے دن کرونا وائرس میں اضافے کے سبب ایک ہی دن میں2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ چینی ذرائع ابلاغ نے فلائٹ ایویئرویب سائٹ کے حوالے سے بتایا کہ نئے سال کے پہلے دن امریکا میں مقامی اور بین الاقوامی2311 پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور دیگر 424 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔