غزہ سمیت کئی علاقوں پر اسرائیلی بمباری ، متعدد عمارتیں تباہ
غزہ (اے پی پی) اسرائیل نے غزہ سمیت کئی علاقوں پر بمباری کی۔ اسرائیلی فوجیوں نے شمالی وادی اردن میں جنگی مشقوں کے دوران سینکڑوں ایکڑ فلسطینی زرعی اراضی تباہ کر دی۔ بدو قبائل کے علاقوں میں اسرائیلی فوج نے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں سے سینکڑوں ایکڑ فلسطینی زرعی اراضی جس پر سبزی اور اناج کاشت تھا، تباہ و برباد کر دی ہے۔ سینکڑوں بدو فلسطینیوں کو بے گھر کرتے ہوئے انہیں کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے پر مجبور کر دیا۔ اسرائیلی فوج نے 26 فسلطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ بیت المقدس کے قصبے حزمہ میں حراست میں لے لیا گیا۔ واضح رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں اس وقت 4650 فلسطینی قیدی موجود ہیں جن میں 34 خواتین، 160 بچے اور 500 انتظامی قیدی بھی شامل ہیں۔نئے سال پر بھی اسرائیل امن دشمنی سے باز نہ آیا۔ صہیونی فضائیہ نے غزہ کی پٹی میں خان یونس سمیت دیگر آبادیوں پر بمباری کی۔ حملے میں متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں جبکہ شہادتوں کا بھی خدشہ ہے۔ اسرائیلی طیاروں نے خان یونس، قادسیہ اور بیت الاحیا سمیت دیگر علاقوں پر بمباری کی۔ خبر ایجنسی کے مطابق سام میزائلوں سے لیس اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے بھی غزہ پر حملہ کیا۔ صہیونی فورسز کی جانب سے شمالی غزہ پر ٹینکوں سے گولہ باری بھی کی گئی۔ حماس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی ہے جبکہ تل ابیب کی طرف دوراکٹ داغے گئے ہیں۔