میچوں کی تعداد معیار کی ضمانت نہیں ‘غیر معیاری مقابلے پیسوں کا ضیاع: نعمان بٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر نعمان بٹ نے کہاہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے غیر معیاری مقابلے وقت اور پیسے کا ضیاع ہیں۔ میچوں کی تعداد معیار کی ضمانت نہیں ۔ جو لوگ چھ ٹیموں کا ڈومیسٹک سیزن کا بہتر انداز میں بندوبست نہیں کر سکتے ان سے بہتری کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔ مسلسل تین سال تک چھ ٹیموں کا نظام چلانے کے بعد کرکٹ بورڈ اس دوران ہونے والی کرکٹ کے مکمل اعدادوشمار اور اخراجات عوام کے سامنے رکھے۔ تین سال کے باوجود سپانسرز نہیں آئے، کیوں کھیل کے میدانوں کی حالت نہیں بدلی، کھیلنے والوں کی تعداد نہیں بڑھی، گلی گلی کرکٹ نہیں ہو رہی، ملبہ کرونا پر ڈالنے کے بجائے ناکامی کے ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے۔ تین سال اربوں روپے خرچ کرنے کا پاکستان کرکٹ کو کیا فائدہ پہنچا ‘ بورڈ تفصیلات عوام کے سامنے رکھے۔ کرکٹ کا پیسہ کھیل پر بہتر انداز میں خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ملک بھر کے کرکٹرز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔