• news

کراچی کے صارفین کیلئے بر ی خبر، بجلی مہنگی ہونے کا  امکان :نیپرا میں  فیصلہ محفو ظ 

 اسلام آباد(نا مہ نگار)نیپرا نے کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے-الیکٹرک کے صارفین کیلئے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4روپے 80پیسے مہنگی اورنومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 75پیسے فی یونٹ سستی کرنے پر فیصلہ محفوظ کرلیا، 23 دسمبر کو کے-الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا )سے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے تحت بجلی کے نرخوں میں 5روپے 50پیسے اضافہ کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔کے-الیکٹرک نے جولائی سے ستمبر کے لیے 5روپے 18 پیسے اور نومبر کے لیے 32 پیسے اضافے کی درخواست دی تھی جس پر سماعت کرتے ہوئے نیپرا نے کے-الیکٹرک کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو اعدادو شمار کا جائزہ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا-نیپرا نے کے-الیکٹرک کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی اور نومبر 2021 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹس کی مد میں مجموعی طور پر بجلی 5 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی دو مختلف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔کے-الیکٹرک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں 5 روپے 18 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی تاہم نیپرا حکام نے اتھارٹی کو بتایا کہ اس مد بجلی کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے فی یونٹ اضافہ بنتا ہے،اسی طرح کے-الیکٹرک نے نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ب32 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی ۔ نیپرا حکام نے مزید بتایا کہ نومبر کی ایڈجسٹمنٹ میں کراچی والوں کے لیے بجلی 75 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔دوران سماعت کے-الیکٹرک حکام نے بتایا کہ وفاق سے بجلی کی خریداری کے حوالے سے تین معاہدوں پر کام شروع کیا گیا ہے جس کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی سے 2 ہزار 50 میگاواٹ بجلی خریداری کا معاہدہ کرنے جارہے ہیں اور ٹیرف ڈیفرنشیئل سبسڈی کے حوالے سے مسودہ وزرات خزانہ کو بھجوایا دیا گیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن