تاریخی شہرلاہور بدترین مسائل کا شکار :زبیدہ جبیں
لاہور( لیڈی رپورٹر) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبیں نے کہاہے کہ ایک کروڑ سے زائد آبادی والا تاریخی شہرلاہور بدترین مسائل کا شکار ہے۔ شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، شہر لاہور کے گھمبیر مسائل فضائی آلودگی، ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی،گیس لوڈشیڈنگ، ٹریفک مسائل،چوری ڈکیتی، ٹوٹی سڑکیں،گندگی،ابلتے گٹر،منشیات فروشی اور خواتین کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور نئے قوانین بننے کے باوجود جرائم میں کمی نہیں ہوسکی۔بلکہ گزشتہ برس کی بہ نسبت سال 2021 میں جرائم میں اضافہ ہوا۔2021 کے دوران لاہور کی ماتحت عدالتوں میں 100 سے زائد خواتین کے قتل کے مقدمات سماعت کیلئے پیش ہوئے اور لاہور میں آخری ساڑھے چار ماہ میں 48خواتین کو قتل کیا گیا۔قتل ہونے والی کم سن بچیاں اور معمر خواتین بھی شامل ہیں۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین '' اب جاگ میرے لاہور'' مہم کے دوسرے مرحلے میں خواتین و بچوں کے مسائل کے حل کیلئے 3 جنوری سے باقائدہ عوامی جدوجہد کا آغاز کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب پریس کانفرنس میں '' اب جاگ میرے لاہور '' مہم کے دوسرے مرحلے میں شہری مسائل خصوصی خواتین کو درپیش مسائل کے حل کی احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔