ذیلی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس، این ایچ اے سے متعلق بحث
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )قومی اسمبلی کی ذیلی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس کنوینیر کمیٹی سید ایاز علی شاہ شیرازی کی صدارت میں ہوا، جس میں این ایچ اے سے متعلق معاملے پرغور کیا گیا، کمیٹی نے70کلومیٹر سے کم فاصلے پر کوئی ٹول پلازہ نہ لگانے کی سفارش کر دی جبکہ این ایچ اے کو اس حوالے سے سروے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، کمیٹی نے گھارو کیٹی بندر روڈ کی تکمیل میں طویل تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور کیس نیب کے سپرد کرنے کا عندیہ دے دیا،کمیٹی نے این ایچ اے کو معاملہ بورڈ کے سامنے لے جانے کے لئے این ایچ اے کو پندرہ دن کا وقت دے دیا جبکہ کمیٹی ممبر ڈاکٹر درشن کی استدعا پر کنوینر کمیٹی نے میر پور ماتھیلو انٹرچینج سے متعلق معاملے پر بھی این ایچ اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔