آج بھٹو کی سالگرہ منائی جائیگی‘ تقریبات شروع‘ بلاول لاہور پہنچیں گے
لاہور (نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 94 ویں سالگرہ کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور پیپلز پارٹی وویمن ونگ پنجاب کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ جس میں راجہ پرویز اشرف، شہزاد سعید چیمہ، ثمینہ خالد گھرکی، نرگس فیض ملک، صغیرہ اسلام، سونیا خان، مسز رانا شوکت، سکینہ چودھری، رخسانہ کنول، شہناز کنول، شانزے، افنان بٹ شریک ہوئے۔ سول کورٹ لاہور میں شکیل احمد پاشا صدر پیپلز لائرز فورم لاہور کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں خرم لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ صدر پیپلز لائرز فورم پنجاب، میاں شاہد عباس ایڈووکیٹ صدر پیپلز لائرز فورم لاہور ڈویژن، راؤ سمیع ایڈوہکیٹ، علی اصغر اعوان ایڈووکیٹ، احسان نواب ایڈووکیٹ، عامر ہاشمی ایڈووکیٹ، رانا اسد اللہ خان ایڈووکیٹ، جمال اشرف ایڈووکیٹ، راشد نواب ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام بھٹو شہید کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب آج 5جنوری بروز بدھ گیارہ بجے دن ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں چودھری اسلم کی زیر صدارت ہو گی۔ آج سالگرہ کی مرکزی تقریب بلاول ہائوس لاہور میں ہو گی۔ جس کے مہمان خصوصی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی سالگرہ کی تقریبات منعقد ہوں گی اور کیک کاٹے جائیں گے۔ بلاول بھٹو موسم کی خرابی کی وجہ سے کراچی سے لاہور نہ پہنچ سکے۔ بلاول بھٹو آج بدھ کے روز لاہور پہنچیں گے۔ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی سمیت دیگر اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت اور پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاسوں میں آصف زرداری کی بھی شرکت متوقع ہے۔ اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے یوم ولادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی ہے کہ شہید قائد عوام کے بلند کئے ہوئے پرچم کو سربلند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1971ء میں جنگ سے تباہ ہونے والے ملک کی دوبارہ تعمیر کی، شکست خوردہ قوم کو باوقار قوموں میں شامل کیا، بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اب ایک ناقابل فراموش تاریخ اور ناقابل تسخیر تحریک ہے، جبکہ جیئے بھٹو کا نعرہ وہ آئینہ ہے، ہر آمرانہ اور عوام دشمن سوچ و فرد جس کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ میں ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، جن کی طرز سیاست و حکومت کی وجہ سے پاکستانی عوام کو پہلی بار ریاست کے قریب آنے اور ملک کی باگ ڈور ہاتھوں میں لینے کا موقع ملا۔ قائد عوام پہلے لیڈر تھے، جنہوں نے طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا۔