سعد رفیق کی شہباز شریف سے ملاقات ، اہم پیغام پہنچایا
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور پارٹی کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کے مابین اہم ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور آنے والے بجٹ کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اہم پیغام لے کر شہباز شریف کے پاس پہنچے۔ اس دوران میاں شہباز شریف نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جذبے، نظریاتی وابستگی، پارٹی کیلئے خدمات اور سیاسی جرات کو سراہا۔ میاں شہبازشریف نے کہا کہ آپ دونوں بھائی اپنے عظیم والد کی سیاسی و عوامی میراث کو قابل فخر انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے خواجہ برادران کی ہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، شہباز شریف اور پوری پارٹی کو آپ پر فخر ہے۔ جبکہ اس موقع پر میاں شہبازشریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے اور سلمان رفیق نے پنجاب میں خاص طور پر صحت کے شعبے میں مثالی کام کیا۔ انہوں نے سعد رفیق کو بیٹی کی شادی کی مبارکباد بھی دی۔