صوبہ ہزارہ کے قیام پر عملدرآمد‘ خیبر پی کے اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبرپی کے اسمبلی نے صوبہ ہزارہ کے قیام سے متعلق پاس کردہ قرارداد پر عمل درآمد سے متعلق قراردادکی اے این پی کی مخالفت کے باعث کثرت رائے سے منظوری دے دی۔ ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر سرداریوسف نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسمبلی وفاقی حکومت سے اس امرکی سفارش کرتی ہے کہ 21 مارچ 2014ء اس ایوان نے قرارداد نمبر 468 پاس کی ہے جس میں وعدہ کیا گیا کہ آئین پاکستان کے اندر نئے صوبوں کے قیام کی ممانعت نہیں، اس لئے یہ ایوان مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حقیقی ضرورت کے مطابق قومی اتفاق رائے سے صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے آئین پاکستان میں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش کرے اور جلد از جلد کمشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ مذکورہ بالا قرارداد پر جلد از جلد عمل درآمد کیا جائے۔ اے این پی کے ارکان نے صوبہ ہزارہ قرارداد کی مخالفت کر دی۔ سردار یوسف نے بتایا کہ ہزارہ سے منتخب اے این پی کے رکن اسمبلی لائق خان اس قرارداد کی حمایت کر چکے ہیں۔ پہلے اپنے صفوں میں تو اتحاد پیدا کریں۔