حکومت مذ ہبی سیاست کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا: حسان خاور
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ کسی بھی انسان کے لیے اپنے مذہبی مقامات کی سیر کا دن نہایت اہم ہوتا ہے۔ حکومت کی مکمل کوشش ہوتی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مہمان پاکستان میں یادگار وقت گزاریں۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے بھارت سے آئے 159 ہندو یاتریوں کی چار روزہ یاترا سے واپسی کے موقع پر واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان مذہبی رواداری کا فروغ ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب تمام مذہبی مقامات تک رسائی کے لیے سڑکیں اور دیگر سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ حسان خاور نے یہ بھی بتایا کہ دنیا بھر کی سیاحت میں مذہبی سیاحت کا حصہ چالیس فیصد جبکہ ہمارے ہاں بہت کم ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری موجودہ حکومت کا گیم چینجر منصوبہ ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندو کمیونٹی کے چار بڑے مندروں کی تعمیرِ نو حکومت وقت کی جانب سے نہایت احسن اقدام ہے۔ جنوری کے آخر تک 170 لوگوں کا ایک وفد دہلی اور اجمیر لے کر جائیں گے۔ ملنے کا یہ سلسلہ سیاحت سے ہوتا ہوا تجارت اور سیاست تک جائے گا۔