• news

عمران پر حق جرح ختم کرنے کیخلاف درخواست ، پائیکورٹ نے سیشن عدالت کو 12جنوری تک کا 

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ  نے وزیراعظم عمران خان کے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ دعوی میں عمران خان پر جرح کا حق ختم کرنے سے متعلق سیشن کورٹ فیصلہ کے خلاف درخواست میں سیشن کورٹ کو آئندہ سماعت تک کارروائی سے روکتے ہوئے جواب کیلئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران خواجہ آصف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کر دیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہتک عزت کا یہ کیس کب سے زیرالتوا  ہے؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ یہ کیس 2012 کا ہے، 2021 میں سوالات وضع کیے گئے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس عدالت نے ڈائریکشن دی ہے کہ ہتک عزت کے کیسز جلد نمٹائے جائیں، کیس میں اس التوا کا ذمہ دار کون ہے، کیا آپ کہتے ہیں کہ التوا عمران خان کی طرف سے ہوا؟ 2012ء  سے ہتک عزت کا کیس تاخیر کا شکار ہو رہا ہے، ہتک عزت کا کیس تو دو ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہیے تھا۔ وکیل نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے التواء لیا گیا جب سوالات وضع ہوئے خواجہ آصف 6 ماہ نیب کی حراست میں تھے، عمران خان نے شروع میں کیس کی پیروی نہیں کی لیکن بعد میں شروع کی، عدالت نے  سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن