مخالفین اپنے 30سیاہ برس کا ہمارے 3روشن سال سے موازنہ نہیں کر سکتے: عثمان بزدار
لاہور+ چیچہ وطنی (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں ماحول دوست الیکٹرک ٹرام وے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ گلبرگ سے موٹروے ایم ٹو ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وز یراعلی نے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سے لاہور کے شہریوں کی موٹروے تک آسان رسائی ممکن ہوگی۔ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے کینال روڈ اور ملتان روڈ پر ٹریفک کا دبائو کم ہوگا۔ کینال بینک روڈ، جیل روڈ، فیروز پورروڈ، ملتان روڈ، بند روڈ پر انٹر چینج بنیںگے۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری، رکن قومی اسمبلی رائے محمد مرتضیٰ اقبال اور تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع کوڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ ہر شہر، قصبے اورگاؤں کی یکساں ترقی ہمارا نصب العین ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت نے3 برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔ مخالفین اپنے 30 برس کے سیاہ دور کا ہمارے 3 برس کے روشن دور سے موازنہ نہیں کر سکتے۔ ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں۔ سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کوذاتی نمودو نمائش پر بے دریغ استعمال کیا۔ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔ نئے پاکستان میں ہر علاقے کویکساں ترقی دینے کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔ عثمان بزدار نے تلہ گنگ میں پانچ سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے پر آر پی او راولپنڈی‘ نشتر کالونی میں ڈولفن پولیس اہلکار کی فائرنگ سے بچے کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور نے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ پولیس نے ڈولفن اہلکار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت قوم کواتحاد‘ اتفاق اور بھائی چارے کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انتشار کی سیاست کرنے والوں کو جوش کی بجائے ہوش سے کام لینا چاہئے۔ پی ڈی ایم کا بلا مقصد احتجاج دم توڑ چکا ہے۔ اپوزیشن کے پاس ماسوائے شرمندگی کے کچھ نہیں بچا۔ اپوزیشن میں نہ مانوں کی رٹ چھوڑ کر عملیت پسندی کا مظاہرہ کرے۔