پی ایس ایل :ہر ٹیم کیلئے پاک فوج کے ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن 7 میں شرکت کرنیوالی ہر ٹیم کیلئے پاکستان آرمی کے ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آرمی میڈیکل کور کا ایک ڈاکٹر پی ایس ایل کی تمام ٹیموں کے سکواڈ کا حصہ ہوگا۔ ہر ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو روزانہ کی بنیاد پر ہوٹل میں تیز رفتار اینٹیجن ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ ہر روز پی سی آر ٹیسٹ کروانا ممکن نہیں ہوگا۔ آرمی کے ڈاکٹرز کھلاڑیوں کے صحت کے ٹیسٹ اور درجہ حرارت ریکارڈ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ پی سی بی کے اعلان کردہ کروناپروٹوکولزکے مطابق لیگ سے پہلے پورے ہفتے کیلئے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو قرنطینہ میں نہیں رکھا جا سکتا تاہم اپنے گھر یا ملک چھوڑنے سے پہلے منفی پی سی آرٹیسٹ کی رپورٹ (زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پرانی) تمام کھلاڑیوں کیلئے لازمی ہوگی۔کراچی پہنچنے پر ہر کھلاڑی کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائیگا۔ ایک ہفتے میں دو منفی ٹیسٹ والے کھلاڑیوں کو بائیو سکیور ببل میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ پی سی بی عہدیدار نے کہا کہ جب موجودہ صورتحال میں وائرس پر قابو پانے کی بات آتی ہے تو پی سی بی بے بس ہے‘ بورڈ ہر کھلاڑی کے تیز رفتار اینٹیجن ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریگا۔ کمرشل پروازوں کے بجائے کھلاڑیوں کو کراچی سے لاہور لے جانے کیلئے چارٹرڈ پروازیں استعمال کی جائیں گی۔ ایک وقت میں دو ٹیمیں ایک چارٹرڈ فلائٹ میں سفر کریں گی۔