• news

جوڈیشل کمشن کا اجلاس آج‘ وکلاء ہڑتال کریں گے

لاہور‘ اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے‘ خصوصی رپورٹر) نئے سال 2022ء کی پہلی وکلا ہڑتال آج 6 جنوری جمعرات کے روز کی جائے گی۔ پنجاب بار کونسل نے سنیارٹی نظرانداز کرکے جونئیر جج کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کے مبینہ اقدام کے خلاف قرارداد کی حمایت میں 6جنوری کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال کے باعث وکلاء  آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ ضلع کچہری، سیشن کورٹس، سول کورٹس، ماڈل ٹائون و کینٹ کچہری سمیت دیگر عدالتوں میں زیر سماعت  20 ہزار مقدمات کی سماعت آج ہڑتال کے باعث متاثر ہوگی۔ دریں اثناء چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں جسٹس عائشہ اے ملک کی بطور جج سپریم کورٹ تعیناتی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس مقبول باقر، جسٹس سردار طارق مسعود، وفاقی وزیر قانون ، اٹارنی جنرل، نمائندہ پاکستان بار کونسل شریک ہوں گے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان  میں ایک جج کی سیٹ خالی ہے، جسٹس عائشہ اے ملک کا نام سپریم کورٹ کے لیے  بطور جج نامزدگی کے لیے دوسری مرتبہ زیر غور آیا ہے۔ دریں اثناء جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائیکورٹ میں 6 ایڈیشنل ججوں کی تقرری کی سفارش کر دی ہے۔ گزشتہ روزچیف جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں پشاور ہائیکورٹ میں چھ ایڈیشنل ججز کی تقرری کا جائزہ لینے کے بعدکمیشن نے تین سیشن ججوں کے علاوہ دو وکلا ء اور خیبرپختونخواہء کے ایک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو پشاور ہائی کورٹ میں بطور ایڈیشنل جج مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں میں شاہد خان، خورشید اقبال اور فضل سبحان شامل ہیں، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی کامران حیات میاں خیل کے علاوہ ایڈووکیٹ اعجاز خان اور ایڈووکیٹ فہیم ولی کے ناموں کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ معاملہ حتمی منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کو بھیج دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن