پاکستان حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا: صدر‘ وزیراعظم
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار+کے پی آئی) صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان اوروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار اور پرامن حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان اقوا م متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی ان کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا، صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کشمیری عوام کے یوم حق خودارادیت کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔5 جنوری کو کشمیر کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میںصدر مملکت عارف علوی نے زور دیا ہے کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے جمہوری طریقہ سے فیصلہ کیا جائے۔صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کو دہرے لاک ڈائون کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے متعلق عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہو گی، انہوں نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو پاکستان اور بھارت پر اقوام متحدہ کے کمیشن نے ایک قرارداد میں کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کی ضمانت دی، آج کشمیریوں سے اقوام متحدہ کے حق خود ارادیت کے وعدے کو 73 سال ہو گئے، انہوں نے کہا کہ یوم حق خود ارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدے کی جانب دلانا ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 5 جنوری 2022، کشمیریوں کے حق استصواب رائے کے دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ آج اقوام متحدہ کے اس وعدے کو 73 سال مکمل ہوگئے کہ تنازعہ جموں وکشمیر آزادانہ وغیرجانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے حل ہوگا۔ استصواب رائے بنیادی حقوق میں سے ایک ہے جو اقوام متحدہ کے منشور سمیت تمام بڑے انسانی حقوق کے قاعدوں اور قوانین میں درج ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں اس حق کا انکار اور کشمیریوں کی محکومی انسانی عظمت ووقار کو تسلیم نہ کرنے کے مترادف ہے۔بدقسمتی سے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جبرواستبداد کی وجہ سے کشمیریوں کو یہ حق تاحال نہیں مل سکا۔