• news

حرم شریف کے اندر خواتین کیلئے مخصوص دفتر قائم کردیا گیا 

مکہ مکرمہ (آئی این پی) حرم شریف کے اندر خواتین کے لیے مخصوص دفتر قائم کردیا گیا ، دفتر خواتین کی خدمات وغیرہ کے حوالے سے کام کرے گا اور نگرانی کے فرائض سرانجام دے گا۔ سعودی میڈیا کے مطابق حرمین شریفین اور مسجد نبوی کے امور کے جنرل صدر شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے شہزادی نورا بنت فہد بن مقرن بن عبدالعزیز کی موجودگی میں حرمین شریفین میں خواتین کے لیے مخصوص آفس کا افتتاح کیا ، افتتاح کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں خواتین کی نمایاں کوششوں اور خدمات کو ظاہر کرنے والی ایک فلم دکھائی گئی اور دو مقدس مساجد میں خواتین کے دفتر کے بارے میں بھی ایک مختصر تعارفی فلم دکھائی گئی۔اس موقع پر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے بتایا کہ مخصوص دفتر کا مقصد حرمین شریفین میں خواتین کے کردار کی حمایت کرنے والے تمام اعداد و شمار اور معلومات کے لیے ایک قابل اعتماد ذریعہ بننا ہے اور خواتین کے ترقیاتی اور قائدانہ کردار کے اشاریوں کی تشکیل اور پیمائش کرکے فیصلہ سازوں کے لیے ایک حوالہ تشکیل دینا ہے۔انہوں نے حرمین شریفین کی خدمت میں خواتین کے موثر کردار کی تعریف کی اور کہا کہ مملکت نے ترقی کے پہیے کو آگے بڑھانے کے لیے خواتین کی حمایت کی اور انہیں بااختیار بنایا کیوں کہ خواتین مملکت کے وڑن کو حاصل کرنے اور مزید ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے میں ایک اہم عنصر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن