• news

شاہ سلمان کی زیر صدارت  کابینہ کا ورچوئل اجلاس نئے قانون کی منظوری دیدی 

ریاض(آئی این پی) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت منعقدہ ورچوئل اجلاس کے دوران سعودی کابینہ نے معمر افراد کے حقوق سمیت مختلف قوانین کی منظوری دی ہے۔اس حوالے سے سعودی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں مختلف نوعیت کے 12اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔کابینہ اجلاس میں کرونا وائرس کے حوالے سے سعودی شہریوں اور مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں سے اپیل کی گئی کہ وہ کرونا ویکسین کی مقررہ خوراکیں جلد سے جلد لگوالیں۔کابینہ کے مطابق وبا کی بدلتی ہوئی صورت حال پر نظر رکھی جارہی ہے، بچاؤ کی تدابیر کے مؤثر ہونے اور نہ ہونے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔خادم حرمین شریفین نے اجلاس کے آغاز میں کہا کہ یہ بات پیش نظر رہے کہ مملکت قیام کے روز اول سے آج تک اسلامی نظام پر عمل پیرا ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔کابینہ کے ارکان نے شوریٰ کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر شاہی خطاب پر قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان نے جامع تصور پیش کرکے مختلف شعبوں میں سعودی وڑن 2030ء کے مطابق ملکی ترقی و خوش حالی کے حوالے سے غیر متزلزل اصول اجاگر کیے۔انہوں نے سیاسی، اقتصادی حالات اور حالیہ مسائل پر مملکت کی خارجہ پالیسی کو نمایاں کیا، انہوں نے مشرق وسطیٰ اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے فروغ کے حوالے سے مملکت کی کوششوں کو آئندہ بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

ای پیپر-دی نیشن