پی ایم ایس امتحان ، ملازمتوں کیلئے امیدواروں کو عمر میں 2 برس رعایت ملے گی : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے صوبے کے نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری۔ عثمان بزدار نے پی ایم ایس کے امتحان اور اعلان کردہ ملازمتوں کے امیدواروں کے لئے عمر میں خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ایم ایس امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں کو عمر میں 2 سال کی رعایت دی جائے گی جبکہ اعلان کردہ ملازمتوں کے لئے بھرتی ہونے والے امیدواروں کو بھی 2 سال کی رعایت ملے گی۔ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں۔ عمر میں رعایت سے ہزاروں نوجوانوں کو پی ایم ایس کے امتحان میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔ ملازمتوں میں 2 سال کی رعایت سے بھی نوجوانوں کو ان کا حق دیا ہے۔ عمر میں 2 سال کی رعایت کی اصولی منظوری دے دی ہے جبکہ پنجاب کابینہ سے بھی اس ضمن میں باقاعدہ منظوری لی جائے گی۔ عثمان بزدار نے یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ سلامتی کونسل نے 5 جنوری 1949کو قرارداد کے ذریعے کشمیری عوام کو حق دیا تھا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ 73 برس گزرنے کے باوجود بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث یہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہو سکا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے منتظر ہیں۔ کشمیری عوام پر انسانیت سوز ظلم ڈھائے جا رہے ہیں اور کشمیری عوام اپنے جائز حق کے لئے لہو سے تاریخ رقم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد کی بھر پور حمایت جاری رکھیں گے۔ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کرونا سے متاثرہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی خیریت دریافت کی۔ اور یاسمین راشد کی جلد صحت یابی کے لئے دعاکی۔عثمان بزدار سے ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی او رکہاکہ عوام کی خدمت ہی میرا مشن ہے۔ سابق حکمرانوں نے عوام کی بنیادی ضروریات کو یکسر نظر انداز کیا۔ عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے اور ماضی کے حکمران اقتدار کے مزے لیتے رہے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں 5 بڑی فصلوں کیلئے معیاری اور سرٹیفائی بیجوں کی فراہمی کے پراجیکٹ پر رپورٹ پیش کی گئی اورکسانوں کو امدادی نرخ پر زرعی آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔