• news

بلاول کی زیر صدارت لاہور میں سنٹرل ایگزیکٹو کا اجلاس‘ بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا

لاہور/ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی)  پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے اراکین کا ہائبرڈ اجلاس بلاول ہاؤس  بحریہ ٹائون لاہور میں منعقد ہوا۔ ہائبرڈ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاست سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں بلاول  بھٹو زرداری نے پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔  علاوہ ازیں  سندھ کے صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کو ہٹانے کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے علاوہ مہنگائی اور بے روزگاری  پر بات ہوئی۔ اس حکومت کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت آگے نہیں بڑھے گی۔ ماڈل ٹائون لاہور میں بھی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی۔  خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ بھٹو نے لوگوں کو ووٹ کا حق دیا، انہوں نے عوام کو جینا سکھایا، مرنا سکھایا۔ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ حسن مرتضیٰ صدر اسلم گل رانا جمیل منج نے شرکت کی۔ اس موقع پر فیصل میر الطاف قریشی عاصم بھٹی یاسر بارا عدنان گورسی افنان بٹ زاہد ذوالفقار مسٹر اینڈمسز آصف رضا بیگ میر سہراب مری امجد بٹ ملک ندیم افضل انجم بٹ بشارت صدیقی راؤ شجاعت شاہدہ جبیں ڈاکٹر ضیاء اللہ بنگش نصیر احمد صداقت شیروانی شیخ عرفان عابد صدیقی عمر ایاز عامر سہیل بٹ طاہر غالب مانی پہلوان عارف خان اور دیگر بھی موجودتھے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی 94ویں سالگرہ کا کیک مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر پلوشہ خان اور انچارج مرکزی سیکرٹریٹ سید سبط الحیدر بخاری نے کاٹا۔ اس موقع پر سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ آج اس قائد کی سالگرہ کادن ہے جس نے پاکستان کے دفاع کو ایٹمی ٹیکنالوجی دے کر نا قابل تسخیر بنایا سرزمین بے آئین کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا۔ پیپلزپارٹی پنجاب ایگزیکٹو کا آج 6 جنوری کو ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دریں اثناء ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز  شازیہ مری مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے بلاول ہاؤس کے باہر پوسٹ سی ای سی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ جنوری شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا دن اور کشمیر کے حق میں اقوام متحدہ کی قرارداد منظور ہونے کا دن ہے اس قرار داد کو 73 سال ہو چکے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن