کرونا ، 5 اموات ، ایک کے بعد فوری دوسرے عمرہ پر پابندی ، لاک ڈاؤن کو ارادہ نہیں : اسد عمر
اسلام آباد‘ لاہور (نامہ نگار+ آئی این پی+ این این آئی) کرونا وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 950 ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 98 ہزار 763 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 898 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں کرونا کی اومی کرون قسم تیزی سے پھیلنے لگی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے بھر سے روزانہ رپورٹ ہونے والے کنفرم کیسز میں سے 86 فیصد سے زائد اومی کرون کیسز ہیں۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ روز مزید 24مثبت نمونوں میں اومی کرون کنفرم ہوا ہے اور پنجاب میں15دسمبرسے اب تک اومی کرون کے کنفرم کیسز 177ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں کرونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 2فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ اومی کرون دنیا کے مختلف علاقوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں بھی اومی کرون کا پھیلائو تیزی سے جاری ہے، اومی کرون افریقہ سے شروع ہوا، 8 نومبر کو جنوری افریقہ میں اومی کرون کا پہلا کیس سامنے آیا، یہ غلط فہمی ظاہر نہ کریں کہ یہ مہلک نہیں ہے، اومی کرون پہلے والی کرونا اقسام جیسا مہلک نہیں، کرونا سے بچائو کیلئے ویکسینیشن لازمی ہے۔ امریکہ میں 400فیصد کا اضافہ ہوا، برطانیہ میں 300فیصد اور ہسپتالوں میں 324فیصد ہوا ہے۔ کرونا وائرس ان مقامات پر پھیل تو گیا لیکن زیادہ تعداد میں نہیں، امریکہ اور برطانیہ کے لوگ جنہوں نے اپنی ویکسی نیشن کرائی ان کی تعداد جنوبی افریقہ کے مقابلے میں زیادہ ہے، ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں اومی کرون کا خطرہ کم ہے، اومی کرون کے 60فیصد کیسز کراچی اور لاہور سے ہیں۔ سعودی عرب نے اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر کرونا پابندیوں میں مزید سختی کرتے ہوئے ایک عمرے کے بعد فوری طور پر دوسرے عمرے کی سہولت ختم کر دی ہے۔ یورپ بھر میں اومیکرون وائرس کی روز بروز بڑھتی دہشت نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ فرانس میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کرونا کیسز نے برطانیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے(ایچ کے ایس اے آر)کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آٹھ ممالک سے آنے والی مسافر پروازوں پر 8 جنوری سے 14 دن کیلئے ہانگ کانگ میں اترنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ ایچ کے ایس اے آر کی چیف ایگزیکٹو کیری لیم نے پروازوں کی معطلی کا اعلان بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کے مطابق پابندی سے آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، بھارت، پاکستان، فلپائن اور امریکہ کے مسافر متاثر ہونگے جن میں ٹرانسفرنگ مسافر بھی شامل ہیں۔