• news

بارش ، حادثات، دیر بالا 4 ، دادو میں 3 ہلاکتیں ، گوادر آفت زدہ قرار 

لاہور‘ کوئٹہ‘ پشاور (اپنے نامہ نگار سے + بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ + علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز بھی کہیں تیز کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ گوادر ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل‘ شہر کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا۔ دیر بالا میں برف سے ایمبولینس پھسل گئی اور دریا میں جا گری‘ 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ دادو میں چھت گرنے سے 3 افراد چل بسے۔ سرگودھا میں بس اور ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں ایک کنڈکٹر جان کی بازی ہار گیا۔ کوئٹہ سے آئی این پی کے مطابق ایران سے داخل ہونے والے بارشوں کے سسٹم نے بلوچستان میں تباہی مچادی‘ پی ڈی ایم اے نے نکاسی آب کا کام شروع کردیا، بھاری مشینری سے بند راستے کھولنے سمیت متاثرین کو امدادی اشیاء  کی فراہمی جاری ہے۔ پاک فوج بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف  ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔ شہر قائد کراچی میں  7 جنوری تک ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق حکومت بلوچستان نے حالیہ بارشوں اور برف باری کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاران کی چھٹیاں ایک ہفتے کیلئے منسوخ کر دی ہیں۔ دریں اثناء بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے باعث گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ پر آج 6 جنوری تک فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق موسم بہتر ہوا تو ائرپورٹ جمعرات کو کھول دیا جائے گا۔ متاثرہ گوادر اور دیگر علاقوں میں فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔ دیربالا میں ایمبولینس دریا میں گر گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 2 خواتین اور 2  بچے ڈوب کر جاں بحق  ہوئے جب کہ 6  افراد زخمی ہوگئے۔ نعشیں نکال لی گئیں۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پی کے نے حالیہ بارشوں اور برف باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی جس کے نتیجہ میں اب تک ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 5 جاں بحق، 6 زخمی اور 140مویشی ہلاک ہوگئے ہیں۔ دادو سے این این آئی کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں بارش کے باعث بھینسوں کے باڑے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 3  افراد جاں بحق ہو گئے۔2  زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں نور محمد سولنگی، منصور اور مبین سولنگی شامل ہیں۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرگودھا خوشاب روڈ پر بارش کے باعث ویگووال پھاٹک پر مسافر بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم میں کنڈکٹر جاں بحق ہو گیا۔ لاہور سے اپنے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز سارا دن بارش ہوتی رہی جس کی وجہ سے عدالتوں میں سائلوں کا رش انتہائی کم رہا۔ سیشن کورٹ کی بجلی بند ہو گی۔ بجلی کی فراہمی دوگھنٹے سے زائد معطل رہی‘ واحد جنریٹر بھی بند ہو گیا۔ مری سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق مری‘ گلیات اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ شاہراہوں سے برف صاف نہ کئے جانے کے باعث تمام مصروف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا جس میں سیاحوں کی بڑی تعداد پھنسی رہی۔ دریں اثناء حکومت بلوچستان نے بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے گوادر کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جلد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ دوسری جانب گوادر میں سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا گیا۔ نجی اور سرکاری سکول آج 6 جنوری تک بند رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن