چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے تشدد کا شکار 13 سالہ بچے کو حفاظتی تحویل میں لے لیا
لاہور(لیڈی رپورٹر)سپیشل کوآرڈینیٹر وزیرعلیٰ و چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کارروائی کرکے تشدد کا شکار 13 سالہ بچے کو حفاظتی تحویل میں لے لیاہے۔ تشدد کا شکار 13سالہ بچے فرحان کو ہربنس پورہ لاہور کے علاقہ سے ریسکیو کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ فرحان کو اس کے مالکان نے تشدد کا نشانہ بنایاجس بناپر بچہ مالکان کے گھر سے بھاگ نکلا۔ بچے پر تشدد کی ویڈیو اور اطلاع چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پرموصول ہوئی۔ بچے کے چہرے، بازو اور جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔ سارہ احمد نے کہا کہ تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔