سندھ بلدیاتی قا نون عوام کے حقوق پر ڈاکہ ، اسلامی ممالک طالبان کی مدد کریں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کا بلدیاتی قانون جمہوری اصولوں کے منافی، صوبہ اور بالخصوص کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ہے۔ پیپلز پارٹی صوبہ میں اپوزیشن جماعتوں کو کارنر کرکے جمہوریت دشمنی کا تاثر نہ دے۔ بلدیاتی قانون واپس نہ لیے جانے تک جماعت اسلامی احتجاج جاری رکھے گی۔ حکمران ’’گوادر کو حق دو تحریک‘‘ کے رہنماؤں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں، بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو حالات مزید خراب ہوں گے۔ پی ٹی آئی معیشت کی بحالی اور ملک کو پٹڑی پر ڈالنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ پاکستان کو آئی ایم ایف کی مکمل غلامی میں دھکیل دیا گیا۔ منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، عوام کے حقوق کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی اور جنرل الیکشنز کی بھرپور تیاری کریں۔ انتخابات اپنے پرچم، نشان اور ’’اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان‘‘ کے منشور کے تحت لڑیں گے۔ انتخابی نظام پر تحفظات برقرار ہیں، دھونس اور دھاندلی کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔ پاکستان افغانستان حکومت کو تسلیم کرے، اسلامی ممالک طالبان حکومت کی افغانستان میں بحالی کی کوششوں میں مدد کریں۔ ہمارے حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلہ پر بھارت کے سامنے پسپائی دکھائی۔ بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشتی بان ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان میں اسلامی نظام چاہتی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ ہمارا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مرکزی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائدین جماعت اسلامی نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد جو 9سال قبل 6جنوری کواس دنیا سے رخصت ہو گئے ، کی اسلام اور پاکستان کے لیے خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی مرحوم کی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں نظام اسلام کے نفاذ اور امت کے اتحاد کی کوششیں جاری رکھے گی۔ مرکزی قائدین کے دن بھر جاری رہنے والے اجلاس میں کراچی کو حق دو، گوادر کو حق دو تحریکوں، ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال اور جماعت اسلامی کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عوام آئندہ الیکشن میں سٹیٹس کو کے رکھوالوں کو مسترد کریں اور جماعت اسلامی پر اعتماد کرکے اسے ملک و قوم کی خدمت کا موقع دیں۔ دریں اثناء قاضی حسین احمد کی نویں برسی کے موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم اسلام آباد میں جمعرات کو خصوصی تقریب سے خطاب کریں گے۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد کے یوم وفات کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مجاہد اسلام قاضی حسین احمد نے تمام زندگی احیائے اسلام کی کوششوں اور ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے صرف کر دی۔