شجرکاری ٹارگٹ کے 100 فیصد حصول پر افسروں پر فخر ہے :وزیر جنگلات
لاہور(وقائع نگار) وزیر جنگلات سبطین خان اور سیکرٹری جنگلات شاہد زمان مابین فاریسٹ کمپلیکس میں ہونیوالی ملاقات میں وزیر جنگلات نے سیکرٹری جنگلات کو گذشتہ دنوں عمران خان کو دی جانے والی محکمہ جنگلات کی کارکردگی پر بریفنگ اور ملاقات کے احوال سے آگاہ کیا۔ سبطین خان نے کہا کہ ہمیں محکمہ جنگلات کے افسروں پر فخر ہے جو دن رات ایک کر کے گرین پاکستان ویژن کی تکمیل اور جنگلات کے اثاثہ جات کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ سبطین خان اور شاہد زمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں مزید اقدامات پر سیر حاصل مشاورت کی گئی جبکہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے ٹارگٹ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر جنگلات نے مون سون شجرکاری ٹارگٹ کے 100 فیصد حصول پر سیکرٹری جنگلات کو مبارکباد بھی دی۔وزیر اعظم کی جانب سے محکمہ جنگلات کی کارکردگی کو سراہنے سے ہمارے جذبوں کو توانائی ملی ہے۔ یہ حوصلہ افزائی شجرکاری سمیت محکمہ جنگلات کے دیگر پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے میں معاون ثابت ہوگی ۔