سی این جی سٹیشن پر چھاپہ،چوری شدہ گیس سمیت ٹریلرپکڑلیا
لاہور(وقائع نگار) ایس این جی پی ایل، لاہور ریجن نے ہیڈ آفس ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر اے ون سی این جی سٹیشن پھول نگر پر چھاپہ مارا۔ صارف میٹر کی باڈی پر میگنیٹ لگا کر میٹر میں چھیڑ چھاڑ کر کے گیس چوری کر رہا تھا۔ چوری شدہ گیس 270 سلنڈروں میں نصب بھاری ٹریلر میں بھری جا رہی تھی۔ ٹریلر پولیس سٹیشن پھول نگر سٹی نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ گیس میٹر موقع سے منقطع کر دیا گیا اور سروس لائن بھی ٹیپ کردی گئی۔ دفتر واپسی پرملزمان نے ایس این جی پی ایل کی گاڑیوں کا تعاقب کیا، جہاں میٹر پڑا ہوا تھا، کمپنی کی 2 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ گاڑی اور اہلکاروں پر گولیاں برسائیں گئیں جو کمپنی کے ایک ملازم کاشف سعید کے بازو پر لگیں۔ ویڈیو کلپس اور تصویری ثبوت منسلک ہیں۔ پولیس سٹیشن پھول نگر سٹی اور پولیس سٹیشن مانگا میں صارف،ملزمان کے خلاف ایف آئی آر اندراج کرنے کی درخواستوں پر کارروائی جاری ہے۔