• news

بارش : چھتیں منہدم ، قصور ، 2 ننھے بہن بھائی ، للیانی میں ایک شخص جاں بحق

لاہور، اسلام آباد‘ قصور، مصطفیٰ آباد، للیانی، ننکانہ صاحب، پشاور‘ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ، خبر نگار‘ اے پی پی، بیورو رپورٹ، نمائندگان) لاہور سمیت دیگر شہروں میں بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ قصور میں چھت گرنے سے 2 ننھے بہن بھائی جاں بحق، ماں باپ اور 3 بچے زخمی ہوگئے۔ للیانی میں چھپر گرنے سے ایک شخص چل بسا جبکہ ننکانہ میں چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش کی وجہ سے قادر آباد قصور میں گھر کی خستہ حال چھت گرنے سے ننھے بہن بھائی 2سالہ ملائکہ اور 6ماہ کا عبداللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ میاں بیوی ذوالفقار، فضیلت بی بی اور تین بچے زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قصور میں چھتیں گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مصطفیٰ آباد سے نامہ نگار کے مطابق محلہ باغیچی مصطفیٰ آباد کے رہائشی محمد نواز پر مویشیوں کے چھپر کی چھت گر گئی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ متوفی 2 بچوں کا باپ تھا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق  ننکانہ صاحب شہر اور گردو نوا ح میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بار ش کا سلسلہ جاری رہا، بچیکی روڈ پر چاہ پکا گائوں میں بارش کی وجہ سے کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں 45سالہ ریاست ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگیا۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں اربن فلڈنگ کے خدشات کے باعث الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اورکشمیرمیں اکثرمقامات پرجبکہ بالائی وسطی بلوچستان اوربالائی سندھ میں مزید بارش اورپہاڑوں پربرفباری جبکہ بعض مقامات پرتیز بارش اورژالہ باری کا امکان ہے جبکہ جمعرات کے روز بلوچستان اورسندھ میں اکثر مقامات پرجبکہ بالائی خیبرپختونخوا ، اسلام آباد، بالائی پنجاب ،گلگت بلتستان اورکشمیرمیں مزید بارش اورپہاڑوں پربرفباری ہوئی۔ مری سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں شدید برفباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔ دریں اثناء اسلام آباد سے رانا فرحان اسلم کے مطابق رواں بارشوں سے ملک بھر میں دھند اور سموگ میں کمی کا امکان ہے۔ جنوری 2022ء میں ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے زیادہ بارش ہونگیں، موسم کی حالیہ شدت سے محکمہ موسمیات کی جانب سے کسانوں کیلئے بھی ضروری گائیڈ لائنز جاری کر دیں گئیں ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جنوری 2022ء کی ماہانہ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ بلوچستان میں کئی شاہراہیں بند ہو گئیں‘ کوئٹہ چمن شاہراہ آمدورفت کیلئے معطل ہو گئی۔ کوئٹہ ژوب شاہراہ بھی کان مہترزئی کے مقام پر بند ہو گئی۔ چمن کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ وادی زیارت برف سے ڈھک گیا۔ پنجاب‘ خیبر پی کے سے آنے والی ٹرانسپورٹ بھی بند ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن