• news

نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب  پر فیصلہ محفوظ‘ آج سنایا جائے گا 

 اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا ،چیف جسٹس اطہر من اللہ (آج) جمعہ کو فیصلہ سنائیں گے۔ بدھ کو دور ان سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ سے استفسار کیاکہ فیصلہ سنانے سے پہلے دو وضاحتیں ضروری ہیں، اگر قانون میں اجازت نہ ہو تو آپ اس کو بھی این او سی جاری کر دیتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مثال کے طور پر ہائی کورٹ بزنس نہیں کر سکتی، اگر ہم اپلائی کریں تو کیا این او سی جاری کر دیں گے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ کیا آپ آئین اور قانون کے تابع نہیں؟ ایسی درخواست آنے پر آپ کا پہلا اعتراض ہی یہ ہونا چاہئے کہ درخواست انٹرٹین نہیں کر سکتے۔چیف جسٹس نے کہاکہ کیا زون فور میں 1993 میں تعمیرات ہو سکتی تھیں؟ ۔ ممبر پلاننگ سی ڈی اے نے کہا کہ اْس وقت وہاں فارم ہاؤسز کی اجازت تھی، نیوی سیلنگ کلب تاحال سربمہر ہے۔ ممبر اسٹیٹ سی ڈی  اے نے کہاکہ بلڈنگ بائی لاز 2020 کے تحت غیر قانونی عمارت کو منہدم بھی کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کسی ہاؤسنگ سوسائٹی کا این او سی ہی کینسل ہو جائے تو آپ کیا کرتے ہیں؟ ۔ ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے نے کہاکہ این او سی منسوخ ہو جائے تو ہم اسے ٹیک اوور کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن