جوڈیشل کمشن نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سفارش کردی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) جوڈیشل کمشن نے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عائشہ ملک کی بطور سپریم کورٹ جج کی نامزدگی کی سفارش کر دی ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد، جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس سردار طارق سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے اجلاس کی صدارت کی اور جسٹس عائشہ ملک کی ترقی کو 4 کے مقابلے 5 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کی گئی۔ جوڈیشل کمشن کی جانب سے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی سفارش کے بعد مذکورہ معاملہ حتمی منظوری کے لیے پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کو بھیج دیا گیا ہے۔ جوڈیشل کمشن کی سفارش کے بعد جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ میں ملک کی پہلی خاتون جج بن جائیں گی۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ جے سی پی نے جسٹس عائشہ ملک کی ترقی پر فیصلہ کرنے کے لیے اجلاس کیا۔ گزشتہ سال 9 ستمبر کو جوڈیشل کمشن کے اجلاس میں انکی نامزدگی کا معاملہ ٹائی ہوگیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان بار کونسل کی جانب سے وکلاء نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کررکھا تھا۔ سپریم کورٹ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ تاہم سپریم کورٹ میں وکلاء معمول کے مطابق پیش ہوتے رہے۔