نیب راولپنڈی کی مجموعی کارکردگی اہم ، تسلسل جاری رہے گا ، چیئرمین
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب راولپنڈی نے بھرپور پراسیکیوشن کے ذریعے بدعنوانی کے مختلف مقدمات میں گذشتہ چار سال کے دوران نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن 10 اور 25 بی کے تحت128 ملزمان کو سزا دلوائی ہے اور ان ملزمان سے اربوں روپے ریکور کئے گئے ہیں۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید کی زیر صدارت نیب راولپنڈی کی کارکردگی بالخصوص10 اکتوبر 2017 سے31 دسمبر 2021ء کے دوران نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن10 اور25 بی کے تحت ملزمان کو سزائوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی سید اصغر حیدر، ڈی جی آپریشن نیب اور ڈائریکٹر نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے بتایا کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید کی دانشمندانہ قیادت میں 2021ء میں متعلقہ احتساب عدالتوں نے نیب آرڈیننس 1999ء کی شق 10 کے تحت 10 ملزمان کو سزا سنائی ہے۔ احتساب عدالت نے3 اکتوبر 2021ء کو صفا گولڈ مقدمہ میں ملزمان خلیل احمد، خادم حسین کو0.1 ملین روپے فی کس اور یاسر عزیز کو31 مارچ 2021ء کو0.1 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ احتساب عدالت نے ملزم ملک جمیل احمد کو 6 ستمبر 2021ء کو2.1075 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت نے ملزم عمار ادریس کو 3 ستمبر 2021ء کو 0.3 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت نے ملزم غلام مرتضی کو 3 ستمبر 2021ء کو 0.5 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت نے ملزم فہد جان کو6 ستمبر 2021ء کو 0.2 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت نے ملزم شاہد عزیز کو31 مارچ 2021ء کو 349.84 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ احتساب عدالت نے ملزم ظہور احمد کو 9 جولائی 2021ء کو369.223 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی جبکہ احتساب عدالت نے ملزم رانا عبدالقیوم کو3 ستمبر 2021ء کو 1078.92 ملین روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے مزید بتایا کہ نیب آرڈیننس 1999ء کی شق10 کے تحت 2020ء میں13 ملزموں کو سزا سنائی گئی۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب راولپنڈی کا نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی کی سربراہی میں نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی نیب راولپنڈی اسی کارکردگی کا تسلسل جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میگاکرپشن اور وائٹ کالر کرائم کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھتے ہوئے بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔