غربت اور مہنگائی نے غریبوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے: محمد اشرف بھٹی
لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی لاہور کے سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک کو اللہ تعالیٰ نے تمام وسائل سے نوازا ہے مگر وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اصل مسائل کی جڑ ہے ایک طرف تو حکومتی پالیسوں کی وجہ سے غریب روٹی کے لقمہ کے لیے ترس رہا ہے تو دوسری جانب ایک مخصوص طبقہ کے بنک بیلنس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے غربت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عام شخص کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے ایک مزدور دن بھر دیہاڑی کر کے ایک وقت کا راشن نہیں خرید سکتا لاکھوں نوجوان بے روزگار اور تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکولوں سے باہر ہیں ملک میں ترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے قرضوں کے پہاڑ نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر کاروبار حکومت چل رہا ہے معاشی بدحالی کی وجہ وسائل کی کمی نہیں، جاگیرداروں، وڈیروں، مافیاز اور کرپٹ سرمایہ داروں کا ان پر قبضہ ہے حکمرانوں کا مقصد عوام کی فلاح کی بجائے لوگوں کی گردنوں پر سوار ہوکر ملکی وسائل لوٹنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کا پہیہ جام ہو چکا ہے قرضوں کے پہاڑ نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے آئی ایم ایف کے کہنے پر کاروبار حکومت چل رہا ہے۔