قاضی حسین احمد غلبہ اسلام کی تحریک کا نام ہے: ذکر اللہ مجاہد
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ قاضی حسین احمد(مرحوم) صرف ایک نام نہیںبلکہ غلبہ اسلام کی تحریک کا نام ہے۔قاضی حسین احمدامت مسلمہ کے حکمرانوں کیلئے رول ماڈل اور ہمہ جہت شخصیت تھے ، وہ پاکستان میں امانت، دیانت اور شجاعت کی سیاست کا ایک باب تھے۔ ان خیالا ت اظہار انہوں نے قاضی حسین احمد کی چھٹی برسی کے موقع پر مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے قاضی حسین احمد کی قومی و ملی خدمت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ قاضی حسین احمد کی اتحاد امت کے لیے کوششوں کا دائرہ کار صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا میں پھیلا رہا۔ کشمیر کی تحریک آزادی اور فلسطین کاز کے لیے ان کی گئی جدوجہد سے تمام امت مسلمہ واقف ہے۔ ایران عراق جنگ، ایران کویت جنگ، سوڈان میں اسلامی تحریک اور سیاسی قائدین کے درمیان کشیدگی کے مواقعوں پراختلافات ختم کرانے اورپاکستان میں مارشل لاز کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کے لیے کی گئی بھرپور کوششیں کو تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔