• news

محمد رضوان نے 2پی سی بی ایوارڈ جیت لیے بابر اعظم بھی کامیاب

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال مختلف کیٹگریز میں پی سی بی ایوارڈ جیتنے والوں کرکٹرز کے نام کا اعلان کر دیا۔رواں سال متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے جیت لیا۔فاسٹ باؤلر کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔شاہین آفریدی نے کہا کہ ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہوں، پاکستان کیلئے عمدہ پرفارمنس کی سوچ لے کر میدان میں اترتا ہوں، ٹی 20 ورلڈ کپ کا یہ باؤلنگ سپیل ہمیشہ یادگار رہے گا۔ون ڈے میں کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ کپتان بابر اعظم کے نام رہا جنہوں نے 2021 ء میں 6 ون ڈے کھیل کر 405 رنز بنائے۔بابراعظم کا کہنا ہے کہ ایوارڈ جیتنے پر خوشی ہے ہمیشہ توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی گزشتہ سال انگلینڈ کیخلاف 150سے زائدرنزکی اننگزپسندیدہ تھی، کرکٹ میں اتارچڑھاؤ آتے رہتے ہیں مگر غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ایمرجنگ پلیئر آف 2021 ء کا ایوارڈ محمد وسیم جونیئر نے جیتا۔ محمد وسیم نے کہا کہ ٹیم میں بطور آل راؤنڈر بہترین پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حسن علی2021 ء میں 41 وکٹیں لے کر ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے ہیں۔حسن علی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پانا باعثِ فخر ہے راولپنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنا کیلنڈر ایئر 2021 کا یادگار لمحہ تھا۔ ٹی20 کرکٹر آف 2021 ء کا ایوارڈ محمد رضوان نے جیت لیا۔ویمن کرکٹر آف دی  ایئر کا ایوارڈ ندا ڈار کے نام رہا۔ ندا ڈار نے 2021 ء میں 10 ون ڈے میچز کھیل کر 363 رنز بنائے۔ ندا ڈار کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایوارڈ جیتنا میرے لیے فخر کی بات ہے، پاکستان کیلئے اچھی پرفارمنس کے بدلے میں ایوارڈ ملنا حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔ میں یہ ایوارڈ اپنے مرحوم والد کے نام کرتی ہوں، جنہوں نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ صاحبزادہ فرحان نے جیتا۔صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کا صلہ مل گیا۔کیلنڈر ایئر 2021 میں وکٹوں کے پیچھے 56 شکار کرنے کیساتھ ساتھ ٹیسٹ میں 455 رنز، ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 134 رنز اور ٹی ٹونٹی میں ریکارڈ ساز 1326 رنز بنانیوالے محمد رضوان کو سال کے سب سے قیمتی کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔محمدرضوان کا کہنا ہے کہ مطمئن ہوں کہ2021 میں کارکردگی سیاہم کردار ادا کیا کیلنڈر ایئر2021 ٹی ٹونٹی کا ایک غیرمعمولی سال تھا جس کے آغاز میں ہی جنوبی افریقہ کے خلاف سنچری سے اعتماد ملا۔امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ مسلسل دوسری مرتبہ آصف یعقوب نے جیت لیا۔رواں برس ایوارڈ لسٹ میں شامل سپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے دوران نمیبیا کے ڈریسنگ روم میں قومی کرکٹرز کا حوصلہ افزائی کیلئے جانے کے لمحے کو دیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ایوارڈز جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر فارمیٹ میں پلیئرز نے شاندار پرفارم کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن