آپ ن لیگ میں جا رہے ہیں؟ جہاز کسی بھی طرف جا سکتا ہے: جہانگیر ترین
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے سوال پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین مسکرا دیئے اور کہا جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے ن لیگی سینئر رہنما کو اپنے بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکٹھے فیملی میں رہ چکے ہیں، ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی۔ اس موقع پر صحافی نے پی ٹی آئی رہنما سے سوال پوچھا تھا کہ آپ کا جہاز کبھی ن لیگ کی طرف جا سکتا ہے۔ اسی دوران صحافی کی طرف سے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے سوال پر جہانگیر ترین مسکراتے رہے۔ شادی کی تقریب کے دوران ایاز صادق نے وزیراعظم عمران خان کی مسکراہٹ پر بھی طنز کے تیر چلا دیئے۔ قومی اسمبلی کے سابق سپیکر کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ہوں یا کوئی پی ٹی آئی لیڈر عمران خان کے سوا سب ہی مسکراتے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ جہانگیر ترین ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں دولہا لگ رہے ہیں۔