جس کا جہاز وہی رخ کا بتا سکتا ہے‘ صحافی کے سوال پر شاہ محمود کا جواب
ملتان‘ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جس کا جہاز ہے وہی رخ کا تعین کرے گا۔ ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران جہانگیر ترین کے جہاز کا رخ موڑنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جس کا جہاز ہے اور جس طرف منہ کرنا ہے وہی جانتا ہے میرے پاس تو کوئی جہاز نہیں۔ دریں اثناء ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے اس وقت سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے جس کا تدارک کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے احساس کفالت پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت احساس راشن رعایت منصوبے کی بھی بنیاد رکھی گئی ہے۔ ثانیہ نشتر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تحریک چلانا اپوزیشن کا حق ہے۔ پاکستان میں جمہوریت کے عالمبردار اور چیمپیئن کہلانے والوں کو حکومت کی جمہوری مدت کے مکمل ہونے کا انتظار کرنا چاہئے۔ پاک افغانستان بارڈر لگانے میں دقتیں ہوئیں مشکلات بھی پیش آئیں 94فیصد کام مکمل ہو چکا ہے لیکن یہ باڑ دونوں ممالک کے فائدے میں ہیں۔کچھ عناصر باڑ کاٹ پاکستان کی سرزمین کو شر پسندی و رخنہ اندازی پھیلانا کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی 9 سے 12 جنوری 2022 کو رومانیہ اور سپین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ رومانیہ کے وزیرخارجہ اور دیگر اعلی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ دوطرفہ تعاون کی مزید گہرائی کے لئے اقدامات پر غور کرتے ہوئے دونوں اطراف علاقائی اور عالمی امور پر وسیع پیمانے پر مشاورت کریں گے۔