بھارتی مظالم کشمیر سے نکل کر پورے انڈیا میں پھیل گئے : فواد چودھری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ نے رواں سال کے دوران سب سے زیادہ مجموعی منافع کمایا جو 258 رب روپے ہے اور دس برسوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ کامیابی کرونا وائرس کی وبا کے باوجود حاصل ہوئی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کوئی علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ سابق ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کا معاملہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برلن میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام جموں و کشمیر یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ جموں و کشمیر کی حدود سے نکل کر پورے بھارت میں پھیل گئے ہیں کیونکہ بھارت کے اندر بھی بی جے پی حکومت میں اقلیتوں کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے، ان حالات نے وزیراعظم عمران خان کے علاقائی روابط و خوشحالی کے ویژن کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر پاکستانی عوام کے دلوں کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسے بھارت کو معصوم لوگوں پر وحشیانہ ظلم بند کرنے، مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لینے اور اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون پر آمادہ کرنا چاہیئے۔جرمنی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ عالمی برادری کا جموں و کشمیر کے عوام سے حق خود ارادیت کا وعدہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے گزشتہ 73 سالوں سے عملدرآمد کا متقاضی ہے۔ علاوہ ازیں چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فوٹو جرنلسٹ، وڈیو جرنلسٹ اور ڈیجیٹل پروڈیوسرز، نیوز اور کرنٹ آفئیرز پرڈیوسرز پوری دنیا میں بطور صحافی جانے جاتے ہیں، صحافیوں کو وزیراعظم کی جانب سے صحت کارڈ کی سہولیات سمیت نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم میں بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات نے ویمن جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور ویڈیو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوارن کیا، جنہوں نے جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔