پنجاب میں ڈسٹرکٹ بارز کے الیکشن آج‘ لاہور میں فرہاد شاہ‘ راؤ سمیع مقابل
لاہور‘ ملتان (اپنے نامہ نگار سے‘ سپیشل رپورٹر) پنجاب بار کونسل نے صوبہ بھر کی 36 ضلعی اور 86 تحصیل بار ایسوسی ایشنز میں آج ہونے والے انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب بار نے ہدایت جاری کی کہ انتخابات کے موقع پر ووٹرز کو کھانا دینے، پینافلیکس لگانے پر پابندی عائد ہو گی۔ اس طرح پولنگ سٹیشن پر اسلحہ لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہو گی جبکہ انتخابی نتائج پر ہوائی فائرنگ کرنے پر بھی ممانعت ہو گی۔ خلاف ورزی کرنے پر امیدواروں اور ان کے حامیوں کے خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ملتان میں 4 نشستوں پر 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ 4873 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2022ء کا میدان آج ہفتہ کو سجے گا۔ دس نشستوں پر مجموعی طور پر 38 امیدوار مدمقابل ہوں گے۔ چیئرمین الیکشن بورڈ لاہور بار ایسوسی ایشن چوہدری عمران مسعود نے کہا ہے کہ موسمی وجوہات کی بنا پر الیکشن ملتوی نہیں ہو گا۔ صدارتی نشست پر فرہاد علی شاہ اور راؤ سمیع کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔ سیکرٹری کے لیے گیارہ جبکہ نائب صدر کی سیٹ پر دس امیدوار مد مقابل ہیں۔ نائب صدر ماڈل ٹائون سیٹ کے لیے چار امیدوار مدمقابل ہیں۔ نائب صدر کینٹ سیٹ کے لیے دو، جوائنٹ سیکرٹری اور فنانس سیکرٹری کے لیے تین، لائبریری سیکرٹری کیلئے دو تین امیدوار مقابل ہیں۔ نائب صدر لاہور بار کی سیٹ پر دس امیدوار مد مقابل ہیں۔ نائب صدر کے لیے احسان نواب، الیاس حبیب چوہان، آصف امین، خرم میر، سجاد بٹ، سعید احمد قادری، عائشہ محمود، علی عثمان، ملک جہانگیر اور میاں اسد نثار مد مقابل ہیں۔ نائب صدر ماڈل ٹائون سیٹ کے لیے عظمت ضیا سندھو اور ہادی حسین بھٹی مدمقابل ہیں۔ نائب صدر کینٹ سیٹ کے لیے شفاقت امین سندھو اور فرخ احمد خان مدمقابل ہیں۔ لاہور بار سیکرٹری سیٹ کے لیے گیارہ امیدوار مدمقابل ہیں ان میں کاشف چودھری، شاکر چاہل، رانا عمران سرور، جاوید ہاشمی، رانا حسنین منج، عزیر عالم چودھری، عمر وقاص وڑائچ، جوائنٹ سیکرٹری سیٹ کے لیے زمان جعفر ڈوگر، عاطف کمال بھٹی اور وسیم احمد ملک مد مقابل ہیں۔ فنانس سیکرٹری کے لیے طاہرہ شاہین ڈھلوں، محمد زوہیب خان اور ملک جواد اعوان میں مقابلہ لائبریری سیکرٹری سیٹ کے لیے ثمینہ کھوکھر اور صوفی عتیق اے خان کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ، آڈیٹر کی سیٹ پر طاہر اقبال منہاس بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔