• news

 شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی دینے کا فیصلہ اچھا ہے:انضمام الحق‘وہاب ریاض 


لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کپتان انضمام الحق اور فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کے پی ایس ایل7 میں لاہور قلندرز کا کپتان بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انضمام الحق نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو کپتانی دینے کا فیصلہ اچھا ہے ، نوجوان کھلاڑیوں کو اگر آپ موقع دے رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ ان کو اعتماد دے رہے ہیں اور تجربہ دے رہے ہیں تاکہ وہ سیکھیں اور جب انہیں قومی ٹیم کی کپتانی کا کسی وقت موقع ملے تو انہیں تجربہ ہو، یہ نہ ہو کہ وہ براہ راست کپتان بن جائیں اور اس سے پہلے انہوں نے کسی سطح پر کپتانی ہی نہ کی ہو۔ جس طرح پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنا کر اچھا فیصلہ کیا ہے اسی طرح فرسٹ کلاس ٹیموں کو بھی کرنا چاہیے ، ایسے اقدام پاکستان کرکٹ کیلئے بہت فائدہ مند ہیں۔بابر اعظم تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں اور تینوں فارمیٹ میں انہوں نے بہت اچھا کیا ہے ان کی انفرادی کارکردگی بھی اچھی ہے اب وہ ایک سیزنڈ کپتان ہیں، وہ جتنی مزید کپتانی کریں گے وہ اتنا سیکھیں گے۔فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو اب کپتان بنایا گیا ہے تو اس سے انہیں ایکسپوژر ملے گا مستقبل میں ان کیلئے چیزیں آسان ہوں گی اور جب انٹر نیشنل سطح پر انہیں کپتانی کا موقع ملے گا تو ان کیلئے آسانی ہو گی۔ بابر اعظم نے خود کو بہت گروم کیا ہے ، اب انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں بھی کپتانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ان کیلئے بڑا مدد گار ثابت ہو گا، نوجوانوں کو کپتان بنانے کا فیصلہ درست ہے انہیں سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

ای پیپر-دی نیشن