ٹوٹی ہوئی سڑکیں
مکرمی!میں شہر کے پسماندہ علاقوں کی ٹوٹی ہوئی سڑکوں اور پلوں جو کہ حادثات کا باعث ہیں کی طرف حاکم بالا کی توجہ مبذول کرواناچاہتی ہوں یہ سڑکیں پسماندہ علاقوں میں ہونے کے باعث عدم توجہی کا شکار رہتی ہیں اور ان کی مرمت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ نہ صرف نقل و حمل میں تکلیف دہ ہے بلکہ اکثر حادثات کی وجہ بنتی ہیں شہریوں کا ایسی سڑکوں پر سفر کسی وبالِ جان سے کم نہیں ہوتا۔بارش کے موسم میں ایسے علاقوں میں سفر کرنا ناممکن لگتا ہے اور اگر کسی ایمرجنسی کے باعث کہیں جانا پڑے تو جانے والے پر جو گزرتی ہے اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل نہیں ہے یہ نا صرف عوام کا مسئلہ ہے بلکہ حکومت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت کو جلدازجلد ایسے اقدامات بروئے کار لانے چاہئیں جو کہ اس مسئلے کے حل میں مددگار ثابت ہوں۔ اس مسئلے کے حل کو یقینی بنایا جائے(صائمین سلیم،لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی)