• news

وزیراعلی بزدار نے مری کو آفت زدہ قرار دیدیا ، سیاحوں کیلئے ریسٹ ہاؤسز ، دفاتر کھولنے کا حکم 

لاہور +  اسلام آباد (نیوز رپورٹر + خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شدید برفباری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مری میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے اور مری کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو سرگرمیوں کے لئے دے دیا ہے او رہیلی کاپٹر لاہور سے روانہ ہو گیا ہے۔ موسم بہتر ہوتے ہی ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری کی صورتحال کے تناظر میں تمام اداروں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو بھی سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنا پہلی ترجیح ہے۔ مری اور ملحقہ علاقوں میں تمام ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری اداروں کو سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ڈی جی ریسکیو 1122 کو فوری طور پر مری جا کر ریسکیو آپریشن کو لیڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سنو کٹر اور ضروری مشینری راولپنڈی اور دیگر شہروں سے مری بھجوائی گئی ہے۔ سیاحوں کی زندگیاں سب سے اہم ہیں۔ سیاحوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور سیاحوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں برفباری کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے مری میں برف باری میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی زیرصدارت مری میں شدید برفباری سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق ہنگامی اجلاس ریسکیو آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور خیبر پی کے کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پولیس کی اضافی نفری کو مری بھجوانے کی ہدایت کی ہے اور امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ مری میں کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات لے کر جانے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دیگر شہروں سے ضروری مشینری بھی مری بھجوائی گئی ہے۔ میں تمام صورتحال کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے سانحہ مری پر اظہار افسوس کیا اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر آزاد کشمیر حکومت کی ریسکیو ٹیموں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر حامد یار ہراج نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ امید ہے کہ آپ اپنے فرائض محنت سے سرانجام دیں گے۔عثمان بزدار نے دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر لوئر میڈیم سیلاب کی وارننگ کے پیش نظر پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے کو فلڈ وارننگ کے پیش نظر پیشگی انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

ای پیپر-دی نیشن