وزیراعلٰی مری ریلیف آپریشن کی خودنگرانی کر رہے ہیں : حسان خاور
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مری میں ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ عثمان بزدار کی ہدایت پر مری اور گردو نواح کے ریسٹ ہائوسز کو بھی وہاں پھنسے سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ٹریفک کی فوری بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر بھی ریلیف آپریشن کیلئے وقف کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری کی صورتحال کے تناظر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسان خاور نے کہا کہ مری کی صورتحال پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور مری اور گردو نواح میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ جبکہ ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سے صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور رینجرز سمیت دیگر متعلقہ ادارے اس ضمن میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ دریں اثناء معاون خصوصی نے ایکسپو سنٹر میں منعقدہ ایک نمائش کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں تحریک انصاف کے اقدامات کے موثر نتائج برآمد ہو رہے ہیں پنجاب کو نجی سرمایہ کاری کا سنٹر بنانا وزیراعلیٰ کا ویژن ہے پنجاب میں آئندہ دنوں میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور نجی سیکٹر کیلئے پرائیویٹ انویسٹمنٹ کے وسیع مواقع میسر ہو ںگے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں گزشتہ 3 روز سے مسلسل بارش ہو رہی ہے لیکن بارش میں کوئی شخص لانگ بوٹ پہن کر گھومتا نظر نہیں آیا نہ شہریوں کو پانی کھڑا ہونے کے معاملے میں کسی وقت کا سامنا کرنا پڑا انہوں نے کہا کہ بلاول بھی لاہور شہر کا ایک دورہ کریں تاکہ انہیں پتہ چلے کہ جب زیادہ بارش ہو تو ہم پانی زیادہ نہیں آنے دیتے بلکہ ہم نے بارشی پانی کی نکاسی کا مؤثر نظام بنایا ہے انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو اب واپس آ جانا چاہئے ورنہ ان کے چھوٹے بھائی کوعدالت اور جیل کا سامنا کرنا پڑے گا۔