• news

شدید سردی اور بدترین ٹریفک جام سے مری میں ہلاکتیں ہوئیں: قاضی زاہد حسین 


لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے صدر قاضی زاہد حسین نے مری میں سیاحوں کی اموات کے دلخراش واقعہ پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شدید سردی اور بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے سیاح جان کی بازی ہار گئے پاکستان بھر کے عوام سیاحوں کی اموات پر غمگین ہیں، دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے مری میں سیاحوں کو پیش آنے والی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ تمام سیاحوں کی بحفاظت گھروں کو واپسی کے لئے دعا گو ہیں، مری کی ایڈمنسٹریشن کو بڑے پیمانے پر مری میں سیاحوں کی آمد پر ممکنہ صورت حال کے حوالے سے چوکنا رہنا چاہئے تھا اور سیاحوں کے لئے بروقت الرٹ جاری ہونا چاہیے تھا تاکہ ٹریفک جام اور افسوس ناک واقعات سے بچا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ افسوس بد انتظامی اور ایڈمنسٹریشن کی نااہلی کی وجہ سے معصوم شہریوں کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے، گنجائش سے کئی گنا زائد سیاحوں اور گاڑیوں کو مری میں کیوں جانے دیا گیا؟ اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور آئندہ کے لیے ایسے افسوس ناک سانحات سے بچنے کے لیے ایس او پیز بننے چاہئیں۔

ای پیپر-دی نیشن