عمران سیاسی لاوارث، حکومت کے قدم ڈگمگا رہے، کسی وقت جاسکتی: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے وزیراعظم عمران خان کو سیاسی لاوارث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے قدم ڈگمگا رہے ہیں، ان کے جانے کے اسباب پیدا ہو چکے ہیں، یہ لوگ تباہی کی تبدیلی لیکر آئے ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز بھی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے زیادہ تر لوگ سیاسی مسافر ہیں اور پارٹیاں بدلنے والوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ مری میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مری کے معاملے پر ایک وزیر نے بیان دیا تھا کہ ایک لاکھ گاڑیاں داخل ہوئیں، یہ ترقی کی علامت ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ احتساب کے اداروں سے پوچھتا ہوں کہ جو آپ کر رہے ہیں درست کر رہے ہیں، کیا کرپشن صرف ہم میں نظر آتی ہے، باقی دودھ کے دھلے ہیں، 185 روپے کا ڈالر ہو گیا، جب 97،98 کا تھا تو ہمیں گالیاں دیتے تھے، ان حکمرانوں نے تو ملک گروی رکھ دیا ہے۔