ریاستی دہشتگردی ، سرچ آپریشن جاری ، بھارتی فوج کی فائرنگ سے نوجوان شہید
سری نگر(آئی این پی ‘ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ میں ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور معصوم کشمیریوں کو شہید کرنا معمول بن چکا ہے ۔ اتوار کو بھی ایک مظلوم کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا۔ نوجوان کو بانڈی پورہ کے علاقے شاہگنڈ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کرکے تاحال سرچ آپریشن جاری ہے اور کسی کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔رواں ماہ قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی ہے۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میںکمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) نے کہا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاو ن، سڑکوں کی بندش، راشن کی قلت اور عوام کو درپیش دیگر مشکلات سے حکام کے بلند و بانگ دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی پی آئی(ایم )کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ شدید برفباری خطے کے لیے کوئی نئی بات نہیں لیکن جو بلند وبانگ دعوے کیے گئے تھے، وہ ایک مذاق ثابت ہو رہے ہیں۔انہوں نے بڑے پیمانے پر بجلی کے بریک ڈاو ن کا حوالہ دیتے ہوئے جس نے پوری وادی کو مکمل تاریکی میں ڈبو دیاہے، کہا کہ حکام بجلی کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام رہے۔انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ چند انچ برف پڑنے سے پوری انتظامیہ ٹھپ ہوکررہ جاتی ہے جس سے جموں و کشمیر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہارکیاکہ ابھی تک کئی سڑکوں سے برف نہیں ہٹایاگیا ہے اور وادی کے دیہی علاقوں میں سڑکوں پر ابھی تک ٹریفک بحال نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔