افغان وزیرخارجہ کا پہلا دورہ ایران: معاشی بحران اہم امور پر مزاکرات
کابل(آئی این پی) طالبان کے وزیر خارجہ امیر متقی اپنے پہلے سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے ایرانی حکام کے ساتھ افغان مہاجرین اور معاشی بحران سمیت اہم باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امیر اللہ متقی وفد کے ہمراہ ایران پہنچے۔ جہاں ایرانی حکومت کی جانب سے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ طالبان حکومت کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ دورہ ایران کی دعوت پر کیا جا رہا ہے جس کا مقصد افغانستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی، راہداری اور پناہ گزینوں کے مسائل پر بات چیت کرنا ہے۔ ایران اور افغانستان کے درمیان ابتدائی ملاقات وزارت خارجہ کی سطح پر ہوچکی ہے تاہم اب وزیر خارجہ خود ایران پہنچے ہیں۔