• news

حکمرانوں کے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتا  21 جنوری سے کسان یکجہتی احتجاج ہوگا : بلاول 

لاہور (نامہ نگار+ آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ظالم حکمران عوام کو تکلیفیں دیتے رہیں اور میں خاموش بیٹھا رہوں، یہ کبھی نہیں ہوسکتا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے احتجاج کا واحد مقصد حکومت کی جانب سے عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کا خاتمہ ہے۔ آج نوبت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ عوام مررہے ہیں اور حکمران موت کا ذمہ دار خود مرنے والوں کو قرار دے رہے ہیں، ہیلی کاپٹروں میں بیٹھ کر مرتے لوگوں کا تماشہ دیکھنے والے حکمران وہی تھے جو کل تک سائیکل والے وزیراعظم کی مثالیں دیتے تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پاکستان کے ہر عام آدمی کے لئے ہے۔ اتوار کو بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی جنوبی پنجاب کے ایگزیکٹوز کا بلاول ہاؤس میں اجلاس ہوا۔ اجلاس کا آغاز سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا سے ہوا۔ شرکائے اجلاس  نے مطالبہ کیا کہ سانحہ مری کی شفاف انکوائری کروائی جائے، غفلت کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لاکر سخت سزا دی جائے، بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی وسیب کے عہدیداران کی جانب سے لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی، تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں مخدوم احمد محمود ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ سید یوسف رضا گیلانی اور بشیر ریاض کے علاوہ خواجہ رضوان عالم، مہرارشاد سیال، سرور عباس، حاجی محمد رمضان بھلر، سلیم بھٹی، شگفتہ چوہدری اور نفیس انصاری، عبدالقادر شاہین، عرفان گردیزی، سید عارف حسین شاہ، شیخ غیاث الحق، داؤد احمد گجر، ملک عاشق حسین بھٹہ ،شازیہ عابد، سیف الرحمان کھگہ، عزیر احمد قریشی، محمد اشرف شعاع المعروف اشو لال اور میاں عبدالرحمان صدیقی دین پوری، کلیم الدین کوریجہ، بصروجی، ڈاکٹر عذیر قریشی، خالد حنیف لودھی، آصف خان دستی، راؤ ساجد اور جاوید اکبر ڈھلوں بھی اجلاس میں موجودتھے۔ دریں اثناء اجلاس میں متعدد قراردادیں منظور کی گئیں جن میں کہا گیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے عہدیداران کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے مشترکہ اجلاس کے فیصلوں کی مکمل تائید کرتا ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 27 فروری کو کراچی سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کی بھرپور تائید و حمایت‘ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ یہ اجلاس سانحہ مری کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تاسف کا اظہار کرتا ہے اور اس ضمن میں حکومتی بدانتظامی اور نااہلی کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس سلسلے میں جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے، یہ اجلاس سندھ کی طرز کا بلدیاتی نظام پنجاب میں بھی نافذ کرنے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ عوامی نمائندگان کو زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل ہو سکیں۔ بلاول بھٹو نے 21 جنوری سے ملک بھر میں کسان یکجہتی احتجاج کی منظوری دے دی ہے اس سلسلے میں پی پی پی کی صوبائی تنظیموں سے تجاویز طلب کر لی گئیں اور کسان یکجہتی احتجاج کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے صوبائی تنظیموں کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی۔  جبکہ خورشید شاہ‘ نویدقمر حسن مرتضیٰ نوابزادہ افتخار احمدخان بابز شازی خان شہزاد سعید چیمہ اور ذوالفقار علی بدر اجلاس میں موجود تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن