ملک پر نا اہلی ، ظلم مسلط، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں : شہباز شریف
اسلام آباد (خبر نگار) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک پر صرف نالائقی، نااہلی، بے حسی اور ظلم مسلط ہے۔ سانحہ مری سے متعلق حکومت سچائی اور اصل حقائق بتائے، تاکہ اس کے مطابق حکمت عملی بنائی جاسکے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مری سانحہ کے بعد یہ ثابت ہو گیا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ حکومت مری اور دیگر علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے اقدامات کرے۔ ہزاروں گاڑیوں کے اب بھی پھنسے ہونے کی اطلاعات پر تشویش ہے۔ پھنسے ہوئے سیاحوں کے خاندان پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیان بازی اور عوام کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے انتظامی ذمہ داریاں پوری کرے۔ ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات میں یکجائی لائی جائے۔ پھنسے مسافروں کی محفوظ گھروں کو واپسی یقینی بنائی جائے۔ لوگوں کی مدد کرنے والے مقامی افراد کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ معصوم بچوں سمیت دیگر وفات پانے والوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی ہے، یہ واقعہ ہمارے دل زخمی کرگیا ہے۔ اگر بروقت اقدامات ہوتے تو اتنا بڑا حادثہ نہ ہوتا۔