مری کو ضلع بنانے کا فیصلہ ، انکوائری کمیٹی قائم، کوتاہی کر نیوالوں کیخلاف ایکشن ہوگا : عثمان بزدار
لاہور+ راولپنڈی (نیوزرپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے مری کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیا اور گھڑیال سمیت متاثرہ علاقوں کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا- وزیراعلیٰ نے سانحہ مری کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کرانے کا اعلان کیا- ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کی سربراہی میں کمیٹی 7روز میں رپورٹ پیش کرے گی اور مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے لئے ایک کروڑ 76لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا- عثمان بزدار نے مری کو ضلع بنانے کی اصولی منظوری دے دی اور فوری طورپر ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی- گھڑیال میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ریلیف کمشنر/ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر نے ریسکیو و ریلیف آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی- کمشنر راولپنڈی ڈویژن، سی پی او راولپنڈی او رڈپٹی کمشنر راولپنڈی، سی ٹی او راولپنڈی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوالمناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور ٹریفک مینجمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کی آمد پر شدید برہمی کااظہار کیا- وزیراعلیٰ نے واضح کیاکہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مالی امداد کسی غم کا مداوا نہیں لیکن ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور حکومت سوگوار خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی- افسوسناک واقعہ پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ مری کو ضلع بنانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اوراس ضمن میں چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے تجاویز طلب کرلی ہیں۔ پنجاب حکومت نے مری میں آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے سینئر افسران کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے- مری میں فوری طورپر ایس پی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدوں کے افسروں کو تعینات کیا جائے گا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں 2نئے تھانوں کے قیام کی بھی منظوری دے دی- مری میں سیاحوں کے رش کو کنٹرول کرنے کیلئے سنی بینک اور جھیکا گلی میں 2پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے- ان پارکنگ پلازوں سے شٹل سروس کے ذریعے سیاحوں کو مال روڈ تک لایا جائے گا- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ آئندہ سے مری میں گاڑیوں اور سیاحوں کے داخلے کو کنٹرول کیا جائے گا- مخصوص حد سے زیادہ گاڑیوں اور لوگوں کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی- وزیراعلیٰ نے مری جانے والی رابطہ سڑکوں کی تعمیر کی منظوری بھی دی ہے جس سے مری آنے اور جانے والوں کو آمدو رفت میں آسانی ہوگی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید ہدایت کی کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کی جائے گی اور ایس او پیز پر ازسرنو نظرثانی کریں گے- ریسکیو1122 کے عملے کو ٹریل بائیکس اور وائرلیس سیٹ دئیے جائیں گے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں اوورچارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے- مری میں ہوٹلوں کے کرائے میں اوورچارجنگ قطعی طورپر قابل برداشت نہیں۔