وزیر اعلی نے منظوری دیدی ، آئندہ سیاحوں کو آسانیاں ہونگی : حسان خاور
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مری ریسکیو آپریشن کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شدید خراب موسم کے دوران ریسیکیو 1122، پولیس، انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، این ایچ اے اور فوج سمیت تمام متعلقہ اداروں نے مربوط انداز میں صورتحال کی سنگینی میں کمی کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہر پہلو سے تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور حکومت اس سانحے سے نظام میں موجود نقائص کی نشاندہی کرکے بہتر سسٹم وضع کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت برف باری میں پھنسے شہریوں کی نگہداشت اور ان کے ان انخلاء کیلئے کئے جانے والے آپریشن میں انتظامیہ کا ساتھ دینے والے مقامی شہریوں کی بے حد شکرگزار ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آئندہ ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے انتظامی اقدامات کہ منظوری دی ہے جس سے سیاحوں کے لیے مستقبل میں آسانیاں پیدا ہونگی۔ ان اقدامات میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر، انتظامی افسران کی تقرریاں، غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام، پارکنگ پلازوں کی تعمیر اور نئے تھانوں کی تعمیر شامل ہیں۔