• news

سانحہ مری میں انتقال کرنیوالوں کی ویڈیوز شیئر کرنا بند کی جائیں:قومی کرکٹرز 


 لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن نے سانحہ مری پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ سانحہ مری میں انتقال کرنیوالوں کی ویڈیوز شیئر کرنا بند کی جائیں۔ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری میں انتقال کرجانے والے افراد کی میت کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا بند کریں۔حسن علی نے کہا کہ مری میں جو کچھ ہوا اسے روکا جا سکتا تھا۔اْنہوں نے کہا کہ میرا دل ان خاندانوں کیساتھ ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں ضائع کیں، اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے۔سابق کپتان شعیب ملک نے کہاکہ مری میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے۔ اللہ پاک سب کو اپنی حفاظت میں رکھے اور مرحومین کی مغفرت فرمائے۔ آمین۔سابق فاسٹ بائولرشعیب اختر نے اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ مری کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز دیکھ کر بہت دکھ اور تکلیف ہوئی۔اللہ عوام کی حفاظت فرمائے، جبکہ حکومت اس موقع پر متاثرہ افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے۔ میری دعائیں اور نیک خیالات ان لوگوں کے ساتھ ہیں، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن